کراچی؛اشتعال انگیز تقریر کیس میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی درخواست منظور کرتے ہوئے درج 21 مقدمات سے بری کر دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے بری ہونے والے رہنماؤں میں فاروق ستار، رؤف صدیقی ،وسیم اختر، خواجہ اظہار، سلمان مجاہد و دیگر شامل ہیں ۔ رہنماؤں کے خلاف ایم کیو ایم قائد کی اشتعال انگیز تقریر کے دوران سہولت کاری کے مقدمات درج تھے ۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم قائد کی جانب سے سال 2016 میں بھرے مجمعے میں ریاست مخالف اشتعال انگیز ٹیلیفونک تقریر کی تھی جس کے بعد عدالت نے ان کے بیانات اور تصاویر شائع کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی جبکہ تقریر کی سہولت کاری کے الزام میں ایم کیو ایم رہنماؤں پر 21 مقدمات درج کئے گئے تھے ۔
تقریرکے بعد ایم کیوایم کے رہنماؤں نے خود کو قائد سے الگ کرتے ہوئے پاکستان میں نئی جماعت ایم کیو ایم پاکستان بنا لی تھی جو اس وقت وفاق میں حکومت کی اتحادی بھی ہے ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی جانب سے عدالت سے مقدمات سے بری کرنے کی درخواست دی گئی تھی جو عدالت نے منظورکرلی ۔