اسلام آباد یونائیٹڈ نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو 10 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 134 رنز کا ہدف 10 ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔اسلام آباد کی جانب سے اوپننگ بلے بازوں عثما ن خواجہ اورکولن منرو نے جارحانہ آغاز کیا اور وکٹ کےچاروں اطراف شاٹس کھیلیں۔ کولن منرو نے 36 گیندوں پر90 رنز بنائے،ان کی شاندار اننگز میں 12چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔عثمان خواجہ نے 27گیندوں پر40 رنز بنائے ،ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں10 وکٹوں کے نقصان پر133 رنز بناسکی تھی ۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا آغاز اچھا نہ ہوا، اوپننگ بلے باز فاف ڈوپلیسی آٹھ گیندوں پر پانچ رنز بناکر محمد وسیم کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔اس کے بعد اوپننگ بلے باز محمد عثمان خان بھی 19 گیندوں پر14 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔جیک ویلڈرمیتھ35 گیندوں پر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ،ان کی وکٹ عاکف جاوید نے حاصل کی،ان کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
کپتان سرفراز احمد تین گیندوں پر دو رنز بناکر محمد موسی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔اندرے رسل چھ گیندوں پر13 رنز بناکر محمد موسی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔اعظم خان 23 گیندوں پر 26 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔محمد نوازسات گیندوں پر چار رنز بناسکے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دینے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پرآگئی ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے پوائنٹس اب آٹھ ہوگئے ہیں جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے،کراچی کنگز چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، پشاور زلمی چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، ملتان سلطانز چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دو پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو واضح مارجن سے شکست دینے کے باعث اسلام آبا د کے نیٹ رن ریٹ میں بھی بہتری آئی ہے اور اسوقت انکا رن ریٹ سب سے زیادہ ہے۔