لمبی کالز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ واپس لے لیاگیا۔فائل فوٹو
لمبی کالز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ واپس لے لیاگیا۔فائل فوٹو

’’نوجوان جتنی چاہیں لمبی کال کریں،گھبرانے کی ضرورت نہیں‘‘

وزیر خزانہ شوکت ترین نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ تین منٹ سے لمبی کالز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ واپس لے لیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ ہم نے بجٹ میں رکھا تھا کہ تین منٹ سے لمبی فون کالزپرایک روپیہ اور ایس ایم ایس پر 10 پیسے بڑھا دیں لیکن جب وفاقی کابینہ میں گئے تو اس کی مخالفت کی گئی جس پراب اس اضافے کو واپس لے لیا گیاہے ، کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں ہورہا ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر نیٹ پر بھی کسی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں لگایا جارہاہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزقومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا گیا جس دوران شوکت ترین نے کہا تھا کہ ” تین منٹ سے زائد جاری رہنے والی فون کالز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال اور ایس ایم ایس پر بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کردی گئی ہے۔“ تاہم اب حکومت نے اس فیصلے کو واپس لینے کا اعلان کر دیا ۔