کورونا ویکسین کم ہونے کی وجہ سے ویکسی نیشن سینٹرز کو کل اتوار کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِصدارت کورونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ویکسین کم ہونے کی وجہ سے ویکسی نیشن سینٹرز کل اتوارکو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ روسی ویکسین ’اسپوتنک وی‘ جون کے آخری ہفتے میں آجائے گی، اس کے علاوہ 21 جون کو سائینو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں، 23 جون کو کینسائینو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں صوبے کو مل جائیں گی۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے کورونا ویکسین کی عدم فراہمی کا سامنا ہے۔ ایکسپوسینٹرمیں قائم ماس ویکسینیشن سینٹربھی کورونا ویکسینیشن کی کمی سے متاثرہے۔ دوسری خوراک کے لیے ایکسپوسینٹرپہنچنے والوں کومشکلات کا سامنا ہے۔
اس متعلق حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ویکسینیشن فراہم کی جائے گی دوسری خوراک لگانا شروع کردیں گے، اس وقت ایسٹرازینیکا لگائی جارہی ہے جبکہ سائینو ویک، سائینو فام اور پاک ویک موجود نہیں۔