پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متنازع حکومتی الیکشن بل پر کُل جماعتی کانفرنس بلائی جائے گی۔ آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کا تعین تمام متحدہ اپوزیشن کی جماعتوں سے مشاورت کے بعد جلد کیا جائے گا۔
اے پی سی میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیاجائے گا۔اے پی سی میں الیکشن کمشن سمیت متعلقہ فریقین ،سول سوسائٹی اور میڈیا کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔الیکشن کی نگرانی اوراس کے عمل کو جانچنے والی مختلف تنظیموں اوراداروں کو بھی دعوت دی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی جانب سے اے پی سی بلانے کی تجویز کی حمایت کردی ہے۔
شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن اور بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متنازع حکومتی الیکشن بل پر کُل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمن نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ ہم آپ کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ آپ کی تجویز بروقت اور مناسب ہے، اس کی تائید کرتے ہیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اے پی سی شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد پر قومی اتفاق رائے میں اہم موقع بن سکتی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اے پی سی میں اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔انتخابات کی نگرانی کرنے والی مختلف تنظیموں اور اداروں کو بھی دعوت دی جائے گی، منتخب جمہوری جماعتوں کی انتخابی اصلاحات پر مشاورت اور قومی حکمت عملی ناگزیر ہے۔