سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مسعود الرحمان عباسی کے خلاف عدلیہ توہین سے متعلق کیس کی سماعت جمہ تک ملتوی کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بینچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما مسعود الرحمان عباسی کے خلاف عدلیہ کی توہین سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس اعجازالاحسن کی جانب سے مسعودالرحمان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ نے تقریر ہوش و حواس میں کی تھی؟ جس پر پی پی رہنما نے کہا کہ اس وقت میں ہوش میں نہیں تھا، اس پر کچھ کہنا چاہتا ہوں۔ جسٹس عمرعطا بندیال نے سوال کیا کہ کیا آپ مانتے ہیں کہ تقریرآپ نے ہی کی تھی؟ مسعود عباسی کاکہنا تھا کہ جی تقریر میں نے ہی کی تھی۔
مسعودا لرحمان عباسی کی جانب سے عدالت سے اظہار وجوہ نوٹس کا جواب دینے کے لیے مہلت مانگی گئی جس پر جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ آپ نے جو بھی کہنا ہے تحریری طور پر دیں، آپ کومہلت دے دیتے ہیں بے شک کسی وکیل سے مشورہ کرلیں۔
بعد ازاں عدا لت نے مسعود عباسی کو اظہار وجوہ نوٹس کے جواب دینے کے لیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔