وزیرا عظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں ملک چلا رہے ہیں، سیاحت کے لئے سب سے زیادہ امن ضروری ہے،پاکستان میں نتھیاگلی جیسے مزید15 سیاحتی مقامات بن سکتے ہیں۔
میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیرا عظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کودہشتگردی کا سامنا رہا ہے جس کااثر پاکستان کی سیاحت پر پڑا ہے، جان و مال کا تحفظ نہیں ہوگا تو لوگ سیاحت کے لئے نہیں آئیں گے، دہشتگردی پر قابو پانے کے بعد سیاحت میں اضافہ ہورہا ہے،شعبہ سیاحت پاکستان کی معیشت میں بہتری کا سبب بنے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں اور نئے قوانین بنا رہے ہیں، صوبائی حکومتوں کو بھی قوانین بنانے کی ہدایت کی ہے، سوشل میڈیا کے باعث سیاحت کے فروغ میں کافی مدد ملی ہے، نتھیا گلی ، ناران اور کاغان میں سیاحت کے لئے نئے اور بہترین مواقع ہیں، لوگ گرمیوں کے موسم میں چھٹیاں گزارنے کے لئے آتے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لئے کئی کھیل بھی متعارف کرائے جارہے ہیں،پاکستان میں سردیوں کے موسم میں سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، سیاحتی مقامات پر ہوٹلز بنانے ہوں گے۔