تمام اراکین ایک ساتھ اسمبلی میں پہنچے اور سیڑھیوں پر دھرنا بھی دیا۔فائل فوٹو
تمام اراکین ایک ساتھ اسمبلی میں پہنچے اور سیڑھیوں پر دھرنا بھی دیا۔فائل فوٹو

پی ٹی آئی ارکان ڈھول تاشے لے کر سندھ اسمبلی پہنچ گئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے اراکین اجلاس کے دوران ڈھول تاشے لے کر سندھ اسمبلی پہنچ گئے۔ تمام اراکین ایک ساتھ اسمبلی میں پہنچے اورمرکزی گیٹ پر دھرنا دیدیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا تو پی ٹی آئی اراکین نے گیٹ توڑ کر ایوان کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔گزشتہ روز اسمبلی میں چار پائی لانے کے معاملے پر جن اراکین پر پابندی لگائی گئی تھی وہ اراکین بھی گلے میں ہار پہن کر اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے۔

اس موقع پر اسپیکرآغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین نے گزشتہ روز جو حرکت کی وہ قابل مذمت ہے، اتنی بڑی چارپائی ایوان کے اندرلائی گئی ، لوگوں کو گھسیٹا گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو گالیاں اور دھمکیاں بھی دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تیس سال کے دوران ایسا منظرکبھی نہیں دیکھا جو گزشتہ روز ہوا۔

اسپیکرآغا سراج درانی کی جانب سے گارڈزکو ہدایت دی گئی کہ ڈی آئی جی کو بتائیں اورباہر کھڑی فورس سے کہیں گے گیٹ بند کرے۔