اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلان کے بعد آج یکم جولائی کو ملک بھر میں بینک اوراے ٹی ایمز بھی بند ہیں جس کے باعث صارفین کو پریشانئ کا سامنا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یکم جولائی بروز جمعرات تمام سرکاری اور نجی بینکوں میں معمول کا لین دین نہیں ہوگا تاہم بینکوں کے ملازمین کو چھٹی نہیں ہوگی۔ بینکوں کا عملہ گزشتہ مالی سال کے حسابات کی جانچ پڑتال کے لیے معمول کے مطابق کام کرے گا۔
اسٹیٹ بینک کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وصولیوں، ڈیوٹیزاور ٹیکسزکی وصولی میں سہولت دینے کی غرض سے تمام فیلڈ دفاتر اور نیشنل بینک آف پاکستان کی مجاز شاخیں توسیع شدہ بینکاری اوقات کے مطابق بدھ 30 جون 2021 کو شام 8 بجے تک کھلی رہیں گی اوراسی دن شام 8 بجے خصوصی کلیئرنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں ہر سال یکم جنوری اوریکم جولائی کو تمام سرکاری و نجی بینکوں میں لین دین نہیں ہوتا تاہم ای بینکنگ کے ذریعے رقوم کی منتقلی اور یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی معمول کے مطابق ہوسکتی ہے۔