قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین کے خلاف ایف آئی آر واپسی کا کوئی نوٹیفکیشن نہیں ملا، ایف آئی آرکی واپسی کا نوٹی فیکیشن ہوا ہے تو ہمیں دیا جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گزشتہ روزایک نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ اپوزیشن اراکین کے خلاف ایف آئی آر واپس لے لی ہے۔دوسری جانب ایس ایس پی انویسٹی گیشن کوئٹہ نے اپوزیشن اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر ختم کرنے کے لیے ڈی آئی جی کو مراسلہ بھی لکھ دیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان نے وزیراعلیٰ کے اپوزیشن اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لیے جانے کے حوالے سے بیان کو غلط بیانی قرار دے دیا ہے۔ملک سکندر خان نے کہا کہ اگر اپوزیشن اراکین اسمبلی کے خلاف ایف آئی آر واپس نہیں لینی تو وارنٹ جاری کرکے گرفتار کیا جائے۔
وزیراعلیٰ جام کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ملک سکندر خان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں آپ کہتے ہیں کہ اپوزیشن کے خلاف کیس واپس لے لیا، اگرایف آئی آرکی واپسی کا نوٹیفکیشن ہوا ہے تو ہمیں دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکمران ایف آئی آرکی واپسی کے حوالے سے غلط بیانی کر رہے ہیں، ہمیں حکمرانوں کی باربارغلط بیانی پر ہنسی آتی ہے، حکمران اتنا بھی نہیں سوچتے کہ ان کی غلط بیانی کے نتائج کیا ہوں گے۔