وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا حل سیاسی مسئلے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغان مسئلے کے سیاسی حل کیلیے طالبان سے گفتگو کیلیے تیار ہیں۔
گوادر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گوادر تیزی سے ترقی کر رہا ہے ، گوادر وسطی ایشیا کے ساتھ منسلک ہو رہا ہے ، ہمارے معاہدے تاجکستان جیسے ممالک کے ساتھ ہو رہے ہیں ، انشااللہ کئی ممالک کا مال گوادر کے ذریعے جائے گا جس سے اس علاقے سمیت پورے پاکستان میں خوشحالی آئے گی ، لیکن ہمیں صرف ایک خدشہ ہے کہ افغانستان میں انتشار نہ پھیلے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر افغانستان میں انتشار پھیلتا ہے تو اس کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے ایران کے صدر سمیت دیگر ہمسائیوں سے بھی افغانستان کے مسئلے پر بات چیت ہوئی ہے ، تمام ہمسایہ ممالک کو افغانستان کے مسئلے کا سیاسی حل نکالنے پر زور دے رہے ہیں ، خدا نخواستہ افغانستان میں سول وار ہو گئی تو وہاں کے عوام کو جو نقصان پہنچے گا وہ تو پہنچے گا مگر اس کا اثر پورے خطے پر ہوگا، لہذا ہم افغان مسئلے کا سیاسی حل نکلانے کیلئے افغان طالبان سے گفتگو کرنے کو بھی تیار ہیں ۔