اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی نیویارک اپارٹمنٹ تحقیقات کے معاملے میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو سابق صدر کی گرفتاری سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست قبل از گرفتاری پر سماعت کی۔عدالت نے سابق صدر کی 28جولائی تک ضمانت قبل ازگرفتاری منظورکرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کرلیا۔عدالت کی جانب سے آصف زرداری کو پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
پیشی سے قبل سابق صدر آصف زرداری کو عدالت تک ایمبولینس میں لانے کی درخواست کی گئی تھی جسے عدالت نے منظورکر لیا تھا، مگر سابق صدر پھر بھی چل کرعدالت پہنچے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گرفتار ی سے قبل ضمانت کیلیے آصف علی زرداری کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔