گینگ کے کارندے متاثرہ لڑکی سے الگ الگ بھتہ وصول کرتے رہے۔فائل فوٹو
گینگ کے کارندے متاثرہ لڑکی سے الگ الگ بھتہ وصول کرتے رہے۔فائل فوٹو

’’عثمان مرزاگینگ نے لڑکی سے 13 لاکھ روپے وصول کیے‘‘

وفاقی دارالحکومت کے علاقے ای الیون میں لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کرنے اور نازیبا ویڈیو کے معاملے میں مزید انکشافات سامنے آگئے ،وفاقی پولیس نے وزیرا عظم عمران خان کے نوٹس لینے پر کیس کو ایک ماہ میں منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے خبر جاری کی ہے کہ واقعے میں ملوث متاثرہ لڑکی کوبلیک میل کر کے لاکھوں روپے بٹورے گئے،گینگ کے کارندے متاثرہ لڑکی سے الگ الگ بھتہ وصول کرتے رہے۔

ذرائع کے مطابق عثمان مرزاگینگ نے لڑکی سے 13 لاکھ روپے وصول کیے جس کے بعد وفاقی پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمے میں بلیک میلنگ اور بھتے کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے اور اس ضمن میں اعلیٰ پولیس افسران نے وزارت قانون سے بھی رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس کی جانب سے فیڈ رل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) کو ایک مراسلہ بھی بھیجاگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خدشہ ہے ملزمان فرار ہوسکتے ہیں اس لیے ان کے نام اور پاسپورٹ واچ لسٹ میں شامل کیے جائیں۔