راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی،الرٹ جاری کر دیا گیا۔
جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی اور11 فٹ سے تجاوز کرگئی۔ سب سے زیادہ بارش گولڑہ میں 43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
فلڈ کنٹرول روم نے تمام اداروں کو آبی آفت سے نمٹنے کے لیے رین الرٹ جاری کردیا، اسلام آباد میں تیز بارش سے نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ ہے جس کے باعث سیلاب کا پری الرٹ جاری کردیا۔
ادھر لاہور میں بھی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ قصور، نارووال میں بارش ہوئی۔ ظفر وال میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں نے کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بھی باران رحمت کی پیشگوئی کی ہے۔