ملک بھر میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذی الحج 12 جولائی اور عید الاضحی 21 جولائی بروز بدھ کو ہوگی۔
پاکستان میں ذی الحج 1442 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کی مرکزی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔نجی ٹی وی کے مطابق ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین مولانا سید عبدالخبیرآزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد انہوں نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اس لیے اب یکم ذی الحج 12 جولائی کو ہوگی اسی طرح عید الاضحی 21 جولائی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
دریں اثنا پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پرکہا ہے کہ پاکستان میں ذی الحج کا چاند آج صبح 6 بج کر18 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے تاہم ہفتہ کی شب اس کے نظرآنے کے کوئی امکانات نہیں۔
قبل ازیں ماہرین نے کہا تھا کہ ہفتہ کی شب چاند نظر نہیں آسکتا کیوں کہ چاند دکھائی دینے کے لیے اس کی عمرکم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے جب کہ سورج اور چاند کے غروب ہونے کا درمیانی فرق 40 منٹ سے زیادہ ہونا چاہیے۔