پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلا دھار بارش سے شاہراہوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ سیشن کورٹ لاہور بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔ عدالت کے احاطے میں بارش کا پانی جمع ہونے سے وکلااور سائلین کو مشکلات در پیش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بارشوں کے نہ تھمنے والے سلسلے کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر بند ہوگئے۔
لاہور کے ڈیوس روڈ،لکشمی چوک،مینار پاکستان،شادباغ ، مال روڈ، اندرون شہر میں گلشن راوی، سمن آباد، گلبرگ میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ٹھوکر نیازبیگ، چوہنگ، جوہر ٹاون سمیت ملحقہ علاقوں میں میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب سے بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کے کئی فیڈرز بھی ٹرپ گئے جس کے باعث بجلی بند ہونے سے شہری مشکلات کا شکار ہورہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ لیسکو کو بجلی کی بندش کی متعدد شکایات کی ہیں مگر تاحال عملہ نہیں پہنچا۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں موسلادھاربارش ہوئی۔ گوجرانوالہ، مریدکے، ڈسکہ، پنڈ دادن خان، کالا باغ میں بھی ابر رحمت برسا۔ سیالکوٹ میں تیز بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔
ایبٹ آباد، گلیات اور مانسہرہ میں بادلوں نے خوب رنگ جمایا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد مقامات پر بھی بادل خوب برسے۔ تیز بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔