کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انڈونیشیا کے قونصل جنرل سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ ہمارے ہاں کورونا کی چوتھی لہر شروع ہوگئی ہے۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے انڈونیشیا کے قونصل جنرل نے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قونصل جنرل انڈونیشیا نے سندھ میں فشریز او ر دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انڈونیشیا سے ذوالفقارعلی بھٹو کے دور میں مضبوط تعلقات کا آغاز ہوا، صدر سوئیکارنو اور ذوالفقار بھٹو نے دونوں برادر ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا۔
ملاقات کے دوران کورونا کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، قونصل جنرل انڈونیشیا نے بتایا کہ انڈونیشیا میں کورونا کی دوسری لہر شروع ہوگئی ہے جب کہ 57 ملین ویکسین خوراکیں لگ چکی ہیں، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے ہاں کورونا کی چوتھی لہر شروع ہوگئی ہے، کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلیے ہم نے الگ اسپتال بنائے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں اس وقت کورونا مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ ہے.