حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد یونٹ نمبر 8 میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے 6افراد جاں بحق اوردرجن بھر زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ٹرانسفارمر پھٹنے سے شدید جھلسنے والے افراد کو سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرزاورعملے کی عدم دستیابی کے سبب متاثرین کو علاج کی سہولیات فراہم نہ ہوسکیں۔اس پر انہیں کراچی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 5 افراد انتقال کرگئے۔ پولیس کے مطابق انتقال کرجانے والوں میں سجاد قریشی،وقاص، نعمان، تابش اور شجاعت شامل ہیں۔ 12 افراد اب بھی کراچی کے دو مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ جھلس کر زخمی ہونے والوں میں تین لائن مین بھی شامل ہیں۔
حیسکو ترجمان کے مطابق گلی میں ٹرانسفارمر تبدیل کرکے اس کا لوڈ چیک کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران یہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ ٹرانسفارمر پھٹنے سے اس کا تیل قریب کھڑے لوگوں پرگرگیا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوئے۔
اے سیکشن پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں قتل باالسبب اور نقصان رسانی کی دفعات کے تحت حیسکو کے پانچ ملازمین کے خلاف درج کرلیا جس میں حیسکو ملازمین سہیل، فیصل، اسماعیل، سلیم اور ابراہیم کو نامزد کیا گیا ہے۔ نامزد 5 حیسکو ملازمین میں سے تین ملازمین خود بھی ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔