کشمیر میں جیالے عمران خان کی کٹھ پتلیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔فائل فوٹو
کشمیر میں جیالے عمران خان کی کٹھ پتلیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔فائل فوٹو

کسی کٹھ پتلی کو کشمیر کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنگ کرنی ہے یا امن کرنا ہے؟ فیصلہ کشمیریوں کے حکم پر کریں گے،کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام کریں، ہم کسی کی ڈکٹیشن نہیں مانتے،کوئی کٹھ پتلی جماعت کشمیریوں سے ہمارا تعلق نہیں توڑ سکتی،پاکستان کا وزیراعظم عمران خان، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جیتنے کی دعا کرتا رہا ہے، کسی کٹھ پتلی کو کشمیر کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،(ن)لیگ نے آپ کےلئے کیا کیا؟ یہاں کی حکومت نے آپ کو لاوارث چھوڑا، ہم نہیں چھوڑیں گے، ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں بات کرنے والے ذرا آئینہ دیکھیں،کلبھوشن کو این آر او دینے والے بھٹو کو غدار کہہ رہے ہیں۔

انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیری حکم کریں، جنگ کرنی ہے تو ہم ساتھ ہوں گے، کشمیری حکم کریں گے کہ امن کرنا ہے تو ہم امن کریں گے، ہم سمجھتے ہیں کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام کریں، ہم کسی کی ڈکٹیشن نہیں مانتے، عوام کا حکم مانتے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ 25 جولائی آزاد کشمیر کے لئے امتحان ہے، الیکشن شفاف ہوئے تو یہ نشستیں پیپلز پارٹی کی ہوں گی، عوام نے ساتھ دیا تو ہم باغ کی قسمت بدل دیں گے، پیپلز پارٹی کا آپ سے تین نسلوں کا رشتہ ہے،باغ کے جیالوں نے کارساز میں بی بی کا استقبال کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، کوئی کٹھ پتلی جماعت آپ سے ہمارا تعلق نہیں توڑ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو جب وزیراعظم تھیں تو پوری دنیا پاکستان کی بات سنتی تھی آج کٹھ پتلی بات کرتا ہے تو لوگ مذاق اڑاتے ہیں،یہ کٹھ پتلی کشمیر کا ذکر کرتا ہے تو غلطی کرتا ہے، آپ کو عوامی وزیراعظم چاہیے یا کٹھ پتلی وزیراعظم چاہیے؟پاکستان کا وزیراعظم عمران خان، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جیتنے کی دعا کرتا رہا ہے، کسی کٹھ پتلی کو کشمیر کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آج تک ن لیگ کی حکومت ہے، انہوں نے آپ کےلیے کیا کیا؟ یہاں کی حکومت نے آپ کو لاوارث چھوڑا، ہم نہیں چھوڑیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک گندا وزیر کشمیر میں لاونچ ہوا ہے،ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں بات کرنے والے ذرا آئینہ دیکھیں،کلبھوشن کو این آر او دینے والے بھٹو کو غدار کہہ رہے ہیں،اگر پاکستان میں جمہوریت ہے تو بھٹو کی وجہ سے ہے، ہمارا وزیر اعظم سیاست، عوام اور کشمیر پر سودا کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم حکومت بنائیں گے تو پہلے دن ہم تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کریں گے۔