لاہور:وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل شام 7 بجے لال حویلی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جیت کا اعلان کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف واپسی کا اعلان کریں چارٹر طیارہ بھیج دوں گا اور فول پروف سیکیورٹی دوں گا۔ نواز شریف اب کیوں واویلا کر رہے ہیں۔ ساس اور بہو کی لڑائی ہو تو کہتے ہیں ڈی چوک جا رہی ہوں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کر دے گی۔ ان لوگوں نے پہلے ہی ہار کو تسلیم نہ کرنے کی قسم کھائی ہوئی ہے تاہم کشمیریوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے کیا کرنا ہے۔ کشمیر میں جو زبانیں استعمال کی گئیں اس سے کشمیریوں کا دل دکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں 100 فیصد کشمیری ہوں اور عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں اجاگر کرے گا جبکہ پاکستان قدم قدم پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اصل کام عمران خان نے کیا ہے جو اس ملک کی تقدیر بدلنے جا رہا ہے۔ داسو ڈیم پاکستان کی معاشی ترقی کا نقشہ بدل دے گا۔
انہوں ںے کہا کہ چین سے پاکستان کی دوستی لازوال ہے جبکہ پاکستان کے خلاف اسرائیل اور بھارت نے ہائبرڈ وار کا اعلان کیا ہوا ہے۔
افغان سفیر کی بیٹی کے کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کا کیس اغوا کا کیس نہیں۔