اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 2 ممبر اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر اور ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی آج ریٹائر ہوگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو ان ممبران کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے آگاہ کیا تھا ، الیکشن کمیشن 2 ریٹائرڈ ممبران کے عہدے پُر کرنے کے لیے وزارت پارلیمانی امورکو2 خطوط بھی لکھ چکا ہے لیکن حکومت اور اپوزیشن کے مابین سردمہری کے باعث اس حوالے سے مشاورت کا آغاز ہی نہیں ہوسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو الیکشن کمیشن کے ممبران کی ریٹائرمنٹ سے متعلق متعدد بار بریفنگ دی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سینیئر وفاقی وزرا کو موزوں نام تلاش کرنے کا ٹاسک سونپ رکھا ہے۔
آئین کے تحت الیکشن کمیشن اپنے 3 ارکان کے ساتھ فعال رہ سکتا ہے تاہم حکومت کو اپوزیشن کی مشاورت سے 45 روز میں نئے ممبران کی تعیناتی کرنی ہوتی ہے۔ الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف تین تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجواتے ہیں، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں معاملہ 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔