کراچی: سندھ ہائی کو رٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی درخواست ضمانت ایک بار پھر مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی پی رہنما خورشید شاہ کی اثاثہ جات کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران خورشید شاہ کے وکیل اورنیب پراسیکیوٹرعدالت میں پیش ہوئے۔
پی پی رہنما کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ دو سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے مگر ٹرائل کورٹ میں ابھی 44میں سے صرف تین گواہوں کا بیان ریکارڈ ہوا ہے جبکہ نیب پراسیکیوٹر نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزم کے تاخیری حربوں سے مقدمہ التوا کا شکار ہوا۔
عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو جلد فیصلہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔
یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے خورشید شاہ کی درخواست ضمانت مستردکی تھی جس کے بعدسپریم کورٹ کے حکم پر خصوصی بینچ نے از سرنو سماعت کی اوردو رکنی بینچ نے دلائل مکمل ہونے پر 12جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔