اسلام آباد میں بادل پھٹنے کے باعث مختلف علاقوں میں سیلاب آگیا ہے، سوشل میڈیا پرای الیون میں گاڑیاں بہنے کی فوٹیج وائرل ہو رہی ہے ۔
اسلام آباد میں کلائوڈ برسٹ کے ساتھ مسلسل ہلکی اور تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، سیکٹر ای الیون ٹو میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے ایک بچہ اور ماں جاں بحق ہو گئے ۔
اہلخانہ کے مطابق پانی گھر میں داخل ہونے سے چار بچے اور ماں ڈوب گئے تھے مگر انتظامیہ نے تین بچوں کو بچالیا مگر ایک بچہ اور ماں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔ پانی صبح 6 بجے کے قریب گھر میں داخل ہوا جس کے قریب 15منٹ بعد گھر کی پیچھے کی دیوار گر گئی ، بیسمنٹ میں پانی بھرنے سے ماں اور بچہ ڈوب گیا۔
ڈپٹی کمشنر آفس اسلام آباد کے مطابق ٹیمیں نالوں، سڑکوں کو صاف کررہی ہیں۔ امید ہے کہ جلد ہی سب کچھ کلئیر کردیں گے، سب سے درخواست ہے کہ وہ تعاون کریں اورغیر ضروری نقل و حرکت کو اگلے 2 گھنٹوں تک محدود رکھیں۔
Situation at E-11, #Islamabad ☔️ pic.twitter.com/Qd3LUrTh5A
— Islamabadian (@Islaamabad) July 28, 2021
دوسری جانب راولپنڈی کے نالہ لئی میں موسلادھار بارش سے طغیانی آگئی۔ کٹیاریاں کے مقام پر پانی 21 فٹ سے تجاوزکرگیا جس کے باعث جاوید کالونی اورآریہ محلہ میں پانی داخل ہوگیا۔ خطرے کے سائرن بجا دیے گئے جب کہ نیوکٹاریاں، ڈھوک رتہ میں کراسنگ پل بھی بند کردیے۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج اور دیگر اداروں کو طلب کر لیا گیا ہے۔
اس متعلق آئی ایس پی آرنے کہا کہ شدید بارش سے نالہ لئی چڑھ گیا ہے اورای الیون میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے۔ فوجی دستے بحالی و امدادی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف ہیں جب کہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی پلان بنا لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں مون سون کے باعث بارشیں ہو رہی ہیں ، محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، کشمیر،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تیزہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے اس دوران چندمقامات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے ۔