کراچی۔ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سنگینی اختیارکرگئی، صوبائی حکومت نے سخت فیصلوں کا عندیہ دے دیا، وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ویکسی نیشن کرائیں۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، کراچی میں کورونا کیسزکی شرح 26 فی صد سے بڑھ گئی ہے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے، سختیاں کرنا غیر مقبول فیصلہ ہے ، لیکن شہریوں کی زندگیوں کا معاملہ ہے، تاجر تنظیمیں، سول سوسائٹی اور اسٹیک ہولڈرز ایس او پیز پر عمل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی، متحدہ قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی کورونا پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہ کریں، کورونا کا ڈیلٹا ویرینٹ انتہائی خطرناک ہے، کراچی میں کیس بڑھ رہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ویکسی نیشن لازمی کرائیں، اسپتالوں میں زیادہ تر کیس ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کے آرہے ہیں۔