سات اگست تک نامزد امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیےجائیں،فائل فوٹو
سات اگست تک نامزد امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیےجائیں،فائل فوٹو

کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن

اسلام آباد۔الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات سے متعلق اہم اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں گے، فیصلے کے بعد سیاسی جماعتوں کےسربراہان کو آگاہ کردیا گیا کہ وہ امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سات اگست تک نامزد امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیےجائیں، پارٹی سربراہ خود یا مقررہ نمائندے کو ٹکٹ جاری کرسکتا ہے، ٹکٹ جاری کرنے والے نمائندے کے کوائف پارٹی سربراہ اپنے دستخط کے ساتھ فراہم کرنے کا پابند ہوگا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ امیدواران سے متعلق معلومات چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو سات اگست تک ارسال کریں، تیرہ اگست کو متعلقہ ریٹرننگ افسران امیدواروں کو پارٹی نشانات الاٹ کریں گے۔

الیکشن کمیشن پہلے ہی بیالیس کنٹونمنٹ بورڈ کی جنرل نشستوں پر بارہ ستمبر کو انتخابات کرانے کا اعلان کرچکا ہے جبکہ نتائج کا اعلان سترہ ستمبر کو کیا جائے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار چھبیس جولائی سے انتیس جولائی تک کاغذات نامزدگی حاصل کرسکیں گے، کاغذات کی جانچ پڑتال اکتیس جولائی سے تین اگست تک کی جائےگی۔

الیکشن کمیشن ترجمان کے مطابق چار سےسات اگست تک اپیلیں دائرکی جائےگی، دس اگست تک اپیلیں نمٹائی جائیں گی، امیدوار بارہ اگست تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔