گھریلو جھگڑے پرشوہرنے اہلیہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بناکر تیسری منزل کی چھت سے دھکا دیدیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقے میں گھریلو جھگڑے پر خاوند نے اہلیہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بناکر تیسری منزل کی چھت سے دھکا دے دیا، خاتون دیوار توڑتی ہوئی پڑوسی کے گھرکے صحن میں جاگری اور شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق جس گھر میں واقع ہوا ان کے پڑوسی نے پولیس کو اطلاع دی کہ گھر کی بالائی منزل کے صحن میں بیٹھے تھے کہ عقبی جانب گھر کی تیسری منزل سے شور سنائی دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے عمران نامی شخص نے ایک خاتون کو بالائی منزل کی چھت سے نیچے دھکا دیا جو دیوار توڑتی ہوئی ہمارے گھر کے صحن میں آگری۔
عینی شاہد نے بتایا کہ تیسری منزل سے گرنے کی وجہ سے خاتون شدید زخمی ہو چکی تھی ، منہ اور کانوں سے خون بہہ رہا تھا، خاتون شدید زخمی حالت میں بول نہیں پارہی تھی تو اس نے کاغذ پینسل مانگا اوراس نے تحریر کیا کہ اس کا نام مسماتہ ریما ہے اوراپنے خاوند کا نام عمران بتایا جو چارسدہ کا رہاہشی ہے، خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ خاتون کا جبڑا بری طرح متاثر ہوا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پیرودھائی اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے تو پتہ چلا کہ ملزم ایک ہفتہ قبل ہی چارسدہ سے تین منزلہ گھرکی ایک منزل میں اپنی اہلیہ ، سات اور چار سالہ دو بچوں کے ہمراہ منتقل ہوا تھا اور اب بچوں سمیت غائب ہے جس پر پولیس نے راولپنڈی کے ٹرانسپورٹ اڈوں پر ٹیمیں تعینات کر کے مانیٹرنگ شروع کردی اور دوبچوں کے ساتھ سفر کرنے والے ہر شخص کی تلاش کے دوران ایک ٹرانسپورٹ اڈے سے چارسدہ جانے کے لیے پہنچنے پر ملزم عمران کو تحویل میں لے لیا، ملزم کو تھانے منتقل کردیا۔ ملزم کے سات سالہ بچے نے بھی والدین کے مابین جھگڑے کے متعلق بتاتے ہوئے بتایا کہ جھگڑے کے دوران والد والدہ کو چھت پر لے گئے تھے۔