عمران خان
عمران خان

غریبوں اور چھوٹے کسانوں کو بغیر سود قرضے دینے کا اعلان

اسلام آباد۔ وزیر اعظم عمران خان نے غریبوں اور چھوٹے کسانوں کو بغیر سود قرضے دینے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھراس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ملک کو خود مختار بنانے کے لیے غربت کی کمی اور ملکی آمدنی میں اضافے کے لیے ہر ممکن قدم اُٹھائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں تین روزہ آئی سی ای سی نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نمائش کے ہراسٹال پرگئے اورشرکا سے گفتگو کی اور منتظمین کی کنونشن سینٹر کو ایکسپو سینٹر بنانے کی تجویز کو بھی سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے بار بار آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے اور شرائط ماننا پڑتی ہیں اس لیے پاکستان کو خود مختارملک بنانے کے لیے بہت ضروری ہے کہ غربت کا خاتمہ کیا جائے اور ملک کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ نچلے طبقے کیلیے وژن پاکستان پروگرام لے کرآ رہے ہیں جس کے تحت غریب خاندان کےایک فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دیں گے جب کہ غریبوں اور چھوٹے کسانوں کو بغیر سود قرضے دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ ملائیشیا اور دیگر ملکوں نے60 کی دہائی میں پاکستان سے بہت کچھ سیکھا۔ اس زمانےمیں ہمارے پاس ٹاپ بینکرز تھے اور پاکستان کو ایشیا کے ٹائیگر سمجھا جاتا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن سے ملک غریب ہوجاتا ہے، ملک کا ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہوگیا لیکن ملک غریب ہوتا رہا اوراب ہمیں گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود گندم درآمد کرنا پڑتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے غریبوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی، احساس پروگرام، گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے اورکنسٹریکشن کے لیے سبسڈی سمیت دیگر حکومتی اقدامات سے متعلق بھی تفصیل سے بتایا۔