لاہور کے علاقے ہنجروال سے لاپتہ ہونے والی چاروں بچیاں ساہیوال سے بازیاب ہو گئیں، چاروں بچیاں 30 جولائی کو لاپتہ ہوئی تھیں۔پولیس کے مطابق لاہور پولیس لڑکیوں کو لینے کے لیے ساہیوال روانہ ہو گئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بچیوں کے اغوا میں ملوث رکشا ڈرائیور سمیت 6 ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے، رکشا ڈرائیور بچیوں کو بہلا پھسلا کر ساہیوال لے آیا ، وہ ساہیوال میں جرائم پیشہ افراد سے پہلے سے ہی رابطہ میں تھا، وہ جرائم پیشہ افراد سے مل کر بچیاں فروخت کرنا چاہتا تھا، بچیاں غیراخلاقی کام کرنے والوں کو فروخت کی جانی تھیں۔
لاہور کے علاقے ہنجروال سے پرسرار طور پرلاپتہ ہونے والی4 بچیوں کو رکشہ ڈرائیور نے 30 جولائی کی رات 12 بجےموہلنوال روڈ پر اتارا تھا۔بچیوں کے اغوا کا مقدمہ عرفان نامی شخص کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
عرفان کی 2 بیٹیاں 10 سالہ انعم اور 11 سالہ کنیزہ ہمسائے اکرم کی 2 بیٹیوں 14 سالہ عائشہ اور 8 سالہ ثمرین کے ہمراہ 30 جولائی کی رات میٹرو ٹرین پر سفر کے لیےگھر سے نکلی تھیں لیکن واپس نہیں آئی تھیں اس لیے بچیوں کو اغوا کیے جانے کا شبہ ظاہرکیا جا رہا تھا۔