وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فرائض کی انجام دہی کے دوران 2355 شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے ہیرو ہیں اور ان شہدا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
یوم شہدائے پولیس کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں سندھ پولیس پر فخر ہے۔ 2355 پولیس اہلکاروں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر صوبے خصوصاً کراچی شہر میں امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں شہداء کی جرأت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہماری پولیس دہشتگردی کے خاتمے، جرائم اور قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران پولیس کے جوانوں نے اہم مقامات پر فرائض انجام دیئے اور 38 پولیس اہلکار ڈیوٹی کے دوران کورونا کی وبا کا شکار ہوکر شہید ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس کی بہترین خدمات اور لگن کو مدنظر رکھتے ہوئے اور صوبے کے عوام کے ساتھ ان کی وابستگی کے باعث ہم نے پولیس کے محکمہ کو بہترین تنخواہ پیکجز اور دیگر فوائد سے مضبوط کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میری حکومت، شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کی دیکھ بھال کرتی رہے گی جس کے لیے ایک مناسب طریقہ کار تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کیا اور ان کے لیے فاتحہ خوانی کی۔