میڈیکل رپورٹ کے مطابق لڑکیوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہوئی۔فائل فوٹو
میڈیکل رپورٹ کے مطابق لڑکیوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہوئی۔فائل فوٹو

عدالت نے لاپتہ ہونے والی بچیوں کو والدین کے حوالے کر دیا

لاہور۔عدالت نے صوبائی دارالحکومت کے علاقے ہنجروال سے اغوا کے بعد ساہیوال سے بازیاب ہونے والی بچیوں کی حوالگی سے متعلق چائلڈ بیورو پروٹیکشن کی استدعا مسترد کرتے ہوئے بچیوں کو والدین کے ساتھ بھیجنے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہورکی مقامی عدالت میں ساہیوال سے بازیاب ہونے والی چاربچیوں کی حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔چاروں بچیوں اور ان کے اغواءمیں ملوث ملزمان کو لاہورکی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت کے دوران بچیوں کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لڑکیوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہوئی۔

عدالت نے حاضری لگوانے کے بعد ملزمان کو کمرہ عدالت سے باہر بھیج دیا، جس کے بعد لڑکیوں کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔

چائلڈ بیورو پروٹیکشن کی جانب سے بچیوں کی حوالگی کی استدعا کی گئی تھی جس پرعدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے استدعا مسترد کردی اور بچیوں کو والدین کے ساتھ بھیجنے کا حکم دے دیا۔