اسلام آباد:مولانا فضل الرحمن کی زیرصدارت پی ڈی ایم سربراہی اجلاس جاری ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی زیرصدارت سربراہی اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی طے کی جائے گی، خطہ کی موجود صورت حال، پڑوسی ممالک سے تعلقات اور بالخصوص افغان تنازعے کے بارے میں متفقہ پالیسی اپنانے پرغورکیا جائے گا، جب کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے ویزہ کی توسیع نہ ہونے سے متعلق امور بھی زیرغورآئیں گے۔
اجلاس میں محمود خان اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ، اویس نورانی، شہبازشریف، علامہ ساجد میر ،میر کبیر شاہی، اکرم خان درانی اور شاہد خاقان عباسی شریک ہیں۔ جب کہ نواز شریف، نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز، اسحاق ڈاراورعابد شیرعلی بھی ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹرپرجاری ایک بیان میں مریم نوازنے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہو رہی ہوں کیونکہ ابھی تک کورونا سے مکمل طورپر صحتیاب نہ ہوئی ہوں۔