ملز نے گٹھ جوڑ سے یوٹیلٹی اسٹورز کا کوٹہ حاصل کیا۔فائل فوٹو
ملز نے گٹھ جوڑ سے یوٹیلٹی اسٹورز کا کوٹہ حاصل کیا۔فائل فوٹو

چینی مہنگی کرنے پر شوگر ملز کو 44 ارب روپے کا جرمانہ

اسلام آباد:مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے گٹھ جوڑ کے ذریعے چینی مہنگی کرنے پر شوگر ملزکو 44 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا۔

سی سی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شوگر ملز ایسوسی ایشن کو 44 ارب روپے کا جرمانہ مسابقتی ایکٹ کی خلاف ورزی پرکیا گیا ہے۔ سی سی پی کی تحقیقات میں یہ ثابت ہوا کہ شوگر ملز نے باہمی گٹھ جوڑ سے چینی کی قیمت مقرر کی۔ ملز نے گٹھ جوڑ سے یوٹیلٹی اسٹورز کا کوٹہ حاصل کیا اور بیرون ملک چینی برآمد کی جس پرانہیں جرمانہ کیا گیا ہے۔

سی سی پی کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار 44 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جرمانے کے فیصلے پر سی سی پی کے دو ارکان اور چیئرمین نے حق میں جب کہ دو ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے مسابقتی کمیشن کا فیصلہ مسترد کردیا

دوسری جانب پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر کی 81 شوگر ملوں پر44 ارب روپے کے جرمانے کا فیصلہ مسترد کردیا۔

اپنے بیان میں پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا ہے کہ شوگر ملوں پر 44 ارب روپے کے جرمانے سے متعلق مسابقتی کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ نہ ہی اکثریت کا فیصلہ ہے اور نہ ہی متفقہ،کمیشن کا فیصلہ 2-2 ممبران سے برابر ہے، دو ممبران نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے حق جب کہ 2 نے ان کے خلاف فیصلہ دیا۔

پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ مسابقتی کمیشن کے چئیرمین نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اپنا ایک اضافی ووٹ کاسٹ کیا۔ چیئرپرسن کے پاس بینچ کی کارروائی کے دوران کاسٹنگ ووٹ کے استعمال کا اختیار نہیں۔  چیئر پرسن کی جانب سے جس قانون کا سہارا لیا گیا ہے وہ محض انتظامی میٹنگزکے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔