راولپنڈی کے تھانہ گوجرخان کے علاقے جبر میں بیٹے نے اپنے باپ کو گردن پر چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا۔
گوجرخان کے علاقے جبر میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات خالد پرویز نامی 60 سالہ شخص کو اس کا بیٹا گردن پر چھریوں کے وار کرکے فرار ہوگیا۔ زخمی خالد پرویز شدید زخمی حالت میں گھر کے دروازے تک پہنچا اور مدد کے لیے دروازہ پیٹنا شروع کیا تاہم رات ہونے وجہ سے کوئی مدد کو نہ پہنچ سکا اور زخمی نے وہیں دم توڑ دیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اورلاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کو ابتدائی شواہد و بیانات کی روشنی میں واقعے میں مقتول کے بیٹے ناصر پرویز کے ملوث ہونے کے شواہد ملے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خالد پرویز کے 3 بیٹے تھے اوراس نے تمام کو عاق کررکھا تھا، جس کے بعد وہ گھر میں اکیلا رہتا تھا، واقعے کی وجہ بھی یہی ہوسکتی ہے۔