مظفر آباد:تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہو گئے، انہوں نے 34 ووٹ حاصل کیے جبکہ متحدہ اپوزیشن کےامیدوارمیاں عبدالوحید کو 16 ووٹ ملے، صدر مسعود خان 24 اگست کو اپنی پانچ سالہ صدارتی مدت پوری کریں گے۔
مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار کو مسلم کانفرنس کے سردار عتیق اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کے حسن ابراہیم کی بھی حمایت حاصل تھی۔
قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 32، پاکستان پیلپزپارٹی کے 11، مسلم لیگ نوازکے 7، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کا ایک ایک ووٹ ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود ایل اے 3 میرپور سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ صدر منتخب ہونے کے بعد وہ اسمبلی سیٹ چھوڑ دیں گے۔
یاد رہے بیرسٹر سلطان 2015 سے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر ہیں۔ بیرسٹر سلطان 1985 سے نویں بار رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔