پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)آج کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہر ہ کرے گی جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ شرکا سے مولانا فضل الرحمن، شہباز شریف، آفتاب شیرپائو اور پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق جلسہ گاہ میں قائدین کے لیے 25 فٹ اونچا اور 75 فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا ہے جبکہ شرکاکے لیے ہزاروں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں جبکہ خواتین کے لیے بھی خصوصی حصہ بنایا گیا ہے اوراسٹیج کے ساتھ ہی خواتین کے لیے کرسیاں لگائی گئی ہیں، خواتین کی کرسیوں سے آگے ڈنڈے لگائے گئے ہیں۔
جلسے کی سیکیورٹی کے حوالے سے ترجمان پولیس نے بتایا کہ پولیس کے 25 سینئر افسران، 65 ڈی ایس پیز اور3 ہزار748 اہلکار تعینات ہوں گے،جلسے میں ایس ایس یوکی 30 خواتین کمانڈوز سمیت 93 خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی جبکہ ایس ایس یو کے افسران سمیت 440 کمانڈوز بھی جلسے کی سیکیورٹی کے لیے موجود ہوں گے۔