کابل :افغان طالبان کے قطر میں سیاسی دفتر کے نائب اور مذاکراتی ٹیم کے رکن شیر محمد عباس ستانکزئی نے کہا ہے کہ نئی حکومت کا اعلان تین دنوں تک ہو جائے گا۔
بی بی سی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اس نئی حکومت میں گزشتہ 20 برس میں حکومت میں رہنے والے افراد شامل نہیں ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ افغانستان کی اسلامی امارت ایک ایسی حکومت بنائے جس کو افغانستان کے اندر اور باہر حمایت حاصل ہو۔ یہ ایک انکلسیو حکومت ہوگی اورافغانستان کے تمام اقوام کی نمائندہ ہوگی۔ وہ چہرے جو گزشتہ 20 برس میں کسی نہ کسی شکل میں حکومت میں رہے ہیں وہ ہماری حکومت میں نہیں ہوں گے۔
عباس ستانکزئی کے مطابق اُن کی نئی حکومت میں تقویٰ دار، پرہیزگار اور تعلیم یافتہ افراد شامل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ اُن کی حکومت میں خواتین شامل ہوں گی لیکن یہ ابھی تک واضح نہیں کہ خواتین اہم منصب یا وزارت کی سطح پر ہوں گی یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ نئی حکومت میں خواتین کی کافی تعداد ہوگی، لیکن یہ میں نہیں کہہ سکتا کہ وہ بڑے منصبوں پر فائز ہوں گیں۔‘
عباس ستانکزئی نے دعویٰ کیا کہ اُن کی حکومت میں خواتین کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں اور دفاتر میں خواتین کام کریں گی۔
شیر محمد عباس ستانکزئی کے مطابق اُن کی حکومت امریکہ سمیت یورپی یونین اور دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہیں اور افغانستان کے ہمسایہ ممالک کو بھی اس صورتحال سے فائدہ اُٹھانا چاہیے۔
اس سے قبل طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ قندھار میں ان کے سربراہ ملا ہبت اللہ اخوندزادہ کی سربراہی میں تین روزہ اجلاس ختم ہوا ہے جس میں نئی حکومت کی تشکیل پر بات چیت ہوئی ہے۔