کوئٹہ کےعلاقے مستونگ روڈ پر خود کش حملہ ہوا جس میں 4 ایف سی اہلکار شہید جبکہ16ایف سی اہلکاروں سمیت 20افراد زخمی ہو گئے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اورزخمیوں اورلاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خود کش حملہ آور نے موٹر سائیکل سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی سے ٹکرائی، دھماکے میں 5 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے کہا کہ خود کش حملہ آورکا سر اور جسمانی اعضا مل گئے ، دھماکے کی جگہ سے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔
کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے ایف سی اہلکاروں پر حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر ایف سی اہلکاروں کو بارودی جیکٹ اور بارود سے بھرے موٹرسائیکل کے ذریعے ہدف بنایا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سربراہ جماعت اسلامی سراج الحق نے کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز پر خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔