اسلام آباد:پاکستان بھر میں آج یوم دفاع ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے جبکہ اسی سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ نماز فجرکے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کےلیے خصوصی دعائیں اور شہداکےلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
یوم دفاع وشہدا کا مقصد شہیدوں اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اوراس عزم کا اظہارکرنا ہے کہ تمام خطرات میں مادر وطن کا دفاع کیا جائے گا۔1965ء میں آج ہی کے دن بھارتی فوجیوں نے پاکستان پر حملہ کرنے کیلیے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کی لیکن قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
یوم دفاع کی اہم تقریب جنرل ہیڈ کورٹرز راولپنڈی میں شام کو ہوگی جس سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خطاب کریں گے۔ تقریب میں شہداءکے اہل خانہ بھی شریک ہوں گے۔
یوم دفاع: مزارقائد پرگارڈزکی تبدیلی کی پروقارتقریب، فاتحہ خوانی
یوم دفاع کے حوالے سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔
6 ستمبر مادر وطن کی حفاظت کرنے والے غیور بیٹوں کی عظمت کو سلام کا دن ہے۔ پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کےفرائض سنبھالے۔ ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔ ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔
یوم دفاع کے موقع پر صدراور وزیر اعظم کے پیغامات
یوم دفاع کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیرا عظم عمران خان کی جانب سے اپنے پیغامات میں افواج پاکستان اور وطن کی حفاظت کے لئے جان قربا ن کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع جرات، بہادری اور حب الوطنی سے لگن کی علامت ہے۔ شہدا کے خاندانوں کو ان کے حوصلے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، افواج پاکستان نے جراتمندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا۔ افواج پاکستان نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی جبکہ دفاع وطن کی خاطرافسروں اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور زیادہ مضبوط ہو جاتی ہیں، 1965 میں پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح دشمن کے سامنے ڈٹ گئی۔ 6 ستمبر کو بھارت نے پاکستان پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی، پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئی، بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے، بہادر افواج نے ثابت کیا وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جوان جان کی پرواہ کیے بغیر جرات و بہادری سے لڑے۔ انہوں نے کہا 6 ستمبر مسلح افواج کے شہدا اورغازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ہمارے شہدا اور غازی ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخر رہے ہیں۔
خیال رہے یوم دفاع و شہدا کا مقصد شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اوراس عزم کا اظہار کرنا ہے کہ تمام خطرات میں مادر وطن کا دفاع کیا جائے گا۔ 1965ء میں آج ہی کے دن بھارتی فوجیوں نے پاکستان پر حملہ کرنے کیلیے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کی لیکن قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔