پاکستان کی واحد آبدوز’غازی‘ نے اپنے نام کی لاج رکھی۔فائل فوٹو

ملک بھر میں یوم بحریہ ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

اسلام آباد:پاکستان بھر میں آج یوم بحریہ ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے،1965 کی جنگ میں بری اورفضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن آٹھ ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا۔

طیارہ بردارجہاز نہ ہونے کے باوجود پاک بحریہ نے بھی اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی، پاکستان کی واحد آبدوز’غازی‘ نے اپنے نام کی لاج رکھی اورغازی رہ کر وہ کارنامہ انجام دیا کہ دنیا اس پر حیران ہوئی۔

غازی آبدوز نے تن تنہا بھارتی بیڑے کو عالمی سمندر میں پیش قدمی سے روکے رکھا معرکہ ”دوارکا“میں پا ک بحریہ کے جہازوں نے کموڈور ایس ایم انورکی زیر قیادت دشمن کے چھکے چھڑا دیے، سات اور آٹھ ستمبر کی درمیانی شب کیے گئے حملوں سے دشمن کے اوسان خطا ہوگئے۔

یہی وجہ ہے کہ بھارت آج تک 1965 کی جنگ کے بعد بحری محاذ پر کسی کارروائی کی جرأت نہ کرسکا۔

پاک بحریہ نے بھارتی نیوی کا غرور خاک میں ملایا تھا ۔ امیرالبحر 

امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ نے بھارتی نیوی کا غرور خاک میں ملایا تھا ۔

یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر یوم بحریہ ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن ہے،آپریشن سومنات میں جہازوں نے بھارتی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کیا تھااور پاک بحریہ نے بھارتی ریڈار سٹیشن تباہ کر کے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا تھا۔ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے پوری بھارتی نیوی کو بندرگاہ میں مقید رکھا۔

نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے جبکہ پاک بحریہ عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے اور آج کے دن خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہنے کا عہد کرتے ہیں۔