اسلام آباد:مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے نیا پنڈورا بکس کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں ایسی درخواست دینے جا رہی ہوں جس کے بعد سب کچا چٹھا قوم کے سامنے آجائے گا کہ اس کے پیچھے کیا محرکات تھے ، کون تھا اور کیا چاہتا تھا اور وہ کیسے کامیاب ہوا۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزائوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی ، سماعت کے بعد بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ کیس کے میرٹ پر بحث ہونے سے قبل ضروری رخواست دینا چاہتی ہوں ، میرے وکلادرخواست تیار کر رہے ہیں ، درخواست کیس کے پیچھے چھپے محرکات کو بے نقاب کر دے گی ۔
مریم نواز نے کہا کہ کچھ مسائل ہیں جن کو حل کیے بغیر یہ مقدمہ آگے نہیں بڑھنا چاہیے ، مقدمے کو آگے بڑھانے کیلیے ان مسائل کا حل ضروری ہے ، اگراس مسئلے کو حل کیے بغیر مقدمہ آگے بڑھا تو میں یہ کہوں گی کہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے ۔ مریم نواز نے مسئلے کا ذکر نہیں کیا بلکہ کہا کہ وہ کیا بات ہے یہ ابھی نہیں بتانا چاہتی ۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت پورے پاکستان میں بری طرح ناکام ہوئی ہے ، افغانستان کے اندرونی مسائل پر پاکستان کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے بلکہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر افغانستان کے عوام کی بحالی کیلیے مدد کرنی چاہیے ،پاکستان کو افغان عوام کی مرضی و منشاکے مطابق فیصلے لینے ہوں گے ۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ حکومت انتقام کی راہ پر چل رہی ہے ، کوئی بھی حکومت ہمیشہ نہیں رہتی ، حکومت کے دن پورے ہو جاتے ہیں ، شہباز شریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں ، اگر نواز شریف انہیں وزیر اعظم کے طوربر نامزد کریں گے تو ہم پوری سپورٹ کریں گے ۔