رحیم یار خان:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے نون لیگ اپوزیشن کا کردارادا کرے یا اعلان کرے کہ وہ حکومت کے سہولت کار ہیں، ہم نے لانگ مارچ کا اعلان کیا آپ اس وقت بھی پیچھے ہٹ گئے، یہ کٹھ پتلی کا کٹھ پتلی ہے، آپ ہمت پکڑو یہ گرجائے گا، ایسا نہیں ہوسکتا ووٹ کی عزت کے ساتھ دھوکا کیا جائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک طرف نالائق اور نااہل حکومت کو للکارنا ہے ، وہیں اپنے دوستوں کو بھی مجبور کرنا ہے، اب یہ دوغلی پالیسی نہیں چلے گی، یا تو اپوزیشن کا کردار ادا کریں یا پھر اعلان کردیں کہ آپ حکومت کے سہولت کار ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کی وجہ سے عوام ہم سے بھی ناراض ہورہے ہیں، اگر ووٹ کی عزت کرتے ہیں تو اسے استعمال بھی کریں اور بزدار اور عمران کو بھگائیں، اگر مل کر مقابلہ کریں گے تو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حکومت گرجائے گی کیونکہ یہ کٹھ پتلی کا پٹھ پتلی ہے، عثمان بزدار گرے گا تو عمران خان خودبخود گرجائے گا۔
بلاول نے مزید کہا کہ آپ ہمت پکڑیں اور کسی کی انا و ذاتی مفاد کو ترجیح نہ دیں، اگر آپ تیار نہیں ہوئے اور اپنے ذاتی سیاسی مقاصد کے لیے بزدار کو چلاتے رہے تو عوام آپ کو معاف نہیں کریں گے، جب ہم ساتھ تھے تو آپ کہتے تھے استعفے کے بغیر کام نہیں چلے گا، اب آپ کو چیلنج ہے کہ مل کر ووٹ استعمال کریں اور وار کریں، ورنہ استعفے ہی دے دیں، ان میں سے کوئی ایک کام تو کریں ورنہ پنجاب کے عوام جان لیں گے کہ یہ مفاہمت ہے نہ مخالفت، بلکہ منافقت ہے، جسے پنجاب کے عوام رد کردیں گے، آج نہیں کل ہم اس حکومت سے حساب لیں گے اور جب حساب کا وقت ہوگا تو عمران خان اکیلا ہی رہ جائے گا۔
پیپلز پارٹی جیالوں کی محنت کے سبب مضبوط ہو رہی ہے، پیپلزپارٹی مستقبل میں حکومت بنائے گی، وفاق کے ساتھ پنجاب میں بھی حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر مسلط کیے گئے کھلاڑی نے کیا حشر کر دیا ہے، کرپشن کا خاتمہ، ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا گیا، موجودہ حکومت نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں دیکھی جو خان صاحب لے کر آئے، جن کے پاس روزگار تھا وہ بھی چھین لیا گیا، یہ ظالم اور عوام دشمن حکومت ہے، پیپلزپارٹی دور میں ریکارڈ روزگار فراہم کیا گیا، پیپلزپارٹی دور حکومت میں پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا، عوامی حکومت میں عوام کے مفاد کیلئے سوچا جاتا ہے۔