لاہور کی مقامی عدالت نے رکشہ سوار خاتون سے بد تمیزی کے چاروں ملزموں کو جیل سے طلب کرلیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نےملزمان عثمان، عرفان، ساجداور عبدالرحمان کو جمعےکے روز جیل سے طلب کر لیا ہے۔
ملزمان کی طلبی کی درخواست تفتیشی افسر نے دی تھی،تفتیشی افسر نےعدالت کو بتایا کہ چاروں ملزمان کی جیل میں شناخت پریڈ مکمل ہو چکی ہے،ان سے اب تفتیش مکمل کرنی ہے، استدعا ہے کہ ان کی جیل سے طلبی کا حکم دیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چنگچی رکشہ میں بیٹھی لڑکی سے اوباش نوجوان نے نازیبا حرکت کی تھی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 14 اگست کو سرکلر روڈ پر پیش آیا تھا اور ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد 21 اگست کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔