آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔فائل فوٹو
آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔فائل فوٹو

آصف زرداری کواحتساب عدالت نے 29ستمبرکو طلب کرلیا

اسلام آباد:احتساب عدالت نے مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے 29ستمبر کو طلب کرلیا۔عدالت کی جانب سے آصف زرداری کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق احمدکو اشتہاری بھی قرار دے دیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں آصف زرداری کے خلاف قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے دائرکیے گئے آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

ریفرنس میں شریک ملزم اور سابق صدرکے مبینہ فرنٹ مین مشتا ق احمد کو عدالت نے بذریعہ اشتہار طلب کر رکھا تھا، پیش نہ ہونے پر عدالت نے ملزم کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ملزم کا شناختی کارڈ بلاک اورجائیداد ضبطگی کی کارروائی بھی شروع کرنے کا حکم جاری کردیا۔

احتساب عدالت کی جانب سے آصف زرداری کو طلبی کا باقاعدہ نوٹس جاری کیاگیا ہے جس میں سابق صدر کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ سماعت پر عدالت میں ہرصورت حاضری یقینی بنائیں تا کہ فرد جرم عائد کی جاسکے۔

واضح رہے کہ نیب کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری اوران کے سٹینو گرافر مشتاق احمد کے خلاف آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔