چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صحافیوں کی آواز دبانے کے لیے حکومت کی جانب سے میڈیا اتھارٹی بل لایا جارہا ہے ، پیپلز پارٹی صحافی برادری کے ساتھ ہے اور جس بھی پلیٹ فار م پراس کالے قانون کے خلاف آواز اٹھانی پڑی بھٹو شہید کے جیالے صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ خدانخواستہ یہ کالا قانون منظور ہوتا بھی ہے تو ہم عدالت کا رخ کریں گے۔
پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے صحافتی تنظیموں کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی(پی ایم ڈی اے ) میڈیا کا معاشی قتل کرنے کی کوشش ہے،صحافیوں کی آواز دبانے کے لیے کالاقانون لایا گیا ہے،ہم سے بل کے بارے بات کرنے کی کوشش نہیں کی گئی،ایسے لگ رہا ہے کہ حکومت زبردستی یہ قانون پاس کروانا چاہتی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے ایوب خان اور سابق صدر پرویز مشرف کے قوانین کو ختم کیا ہے،ہم آزادی اظہا ر پر ڈاکہ نہیں ڈالنے نہیں دیں گے ،پی پی پارلیمان میں بھی صحافیوں کے حق میں آواز اٹھائے گی،صحافیوں کے ساتھ ہر جگہ احتجاج کرنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ قانون کے خلاف صحافتی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران صحافیوں کی جانب سے احتجاجاً واک آوٹ بھی کیا جائے گا۔