کراچی:امریکی ڈالرکی اونچی اڑان، قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر 80 پیسے کے اضافے سے 168 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 169 روپے 70 پیسے میں فروخت ہوا۔ اس سے قبل گذشتہ برس 26 اگست کو ڈالرانٹر بینک مارکیٹ میں 168 روپے 43 پیسے کی سطح پر پہنچا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کرنسی مارکیٹس میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ڈالر کی قیمت بدستور ریکارڈ سطح پر ہے۔
روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قدر میں آج بھی اضافہ دیکھا گیا اور انٹربینک میں ڈالر مزید 90 پیسے مہنگا ہوگیا ، جس کے بعد ڈالر 168.10 روپے سے بڑھ کرتاریخ کی نئی بلند سطح 168.90 روپے پر تک جا پہنچا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جب انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 168 روپے 02 پیسے سے بڑھ کر 168 روپے 10 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔