لاہورکے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں نواز شریف کی ویکسین کے جعلی اندراج پرایم ایس نے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو معطل کرکے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں ایک روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام پر جعلی کرونا ویکسی نیشن کے اندراج کا انکشاف ہوا تھا۔ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد ہسپتال کے ایم ایس نے کرونا وائرس کی ویکسین سے متعلق ڈیٹا انٹری کرنے والے 2 آپریٹرز کو معطل کردیا۔
واقعہ کی تحقیقات کیلیے 3 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق کمیٹی غلط اندراج کے ذمے داران کا تعین کرے گی۔ سکریٹری صحت کا کہنا ہے کہ کمیٹی اگلے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی مجاز ہوگی۔
واضح رہے کہ جمعرات 23 ستمبر کو بیرون ملک مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر لاہور میں جعلی ویکسینیشین کے اندراج کا انکشاف ہوا۔ نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی اندراج نادرا کے پورٹل پر بھی اپلوڈ کیا گیا۔ سابق وزیراعظم کے شناختی کارڈ پر یہ اندراج گزشتہ روز 22 ستمبر کو شام 4 بج کر 4 منٹ پر کیا گیا۔