لاہور:سابق وزیراعظم نوازشریف کی جعلی ویکسینیشن انٹری پر لاہور کے کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم اور سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر منیر کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق معطل افسران کو محکمہ صحت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ جعلی انٹری میں ملوث اسپتال کےتین ملازمین کے خلاف مقدمات درج کرکے دو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
معطل کیے گئے دونوں افسران پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان کی موجودگی میں غلط ڈیٹا انٹری کی گئی، غلط ڈیٹا انٹری میں ملوث ملازمین کو ایف آئی اے کی ٹیموں کے آنے سے پہلے ہی فرار کروا دیا تھا۔
دوسری جانب میاں منشی اسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ کو کوٹ خواجہ سعید اسپتال کا اضافی چارج دے دیا گیا۔