تھرپارکراور بدین میں موسلا دھار بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں بچوں سمیت 8افراد جاں بحق ہوئے، کئی افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ درجنوں مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔
تھرپارکر میں تیز بارش کے دوران مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں ایک بچے سمیت5 خواتین جاں بحق جبکہ 60 سے زائد بکریاں اور 3اونٹ بھی ہلاک ہو گئے۔
آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 8 سالہ بچے سمیت 5 خواتین ہلاک اور 2 خواتین زخمی ہیں۔ مٹھی کے گاؤں سوبھارو شاہ میں کنویں سے پانی بھرنے والی خواتین پر آسمانی بجلی گرپڑی جس کے نتیجے میں 40سالہ لالا بھیل اور17 سالہ گڈی بھیل ہلاک ہوگئیں۔
اسلام کوٹ کے گاؤں کونبھاریو میں کھیت میں موجود 28 سالہ مراداں سموں اور8 سالہ بچہ مزمل مومن سموں بھی آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوئے جبکہ چھاچھرو کے گاوں پاڈیرال میں 17سالہ لڑکی کملاں بھیل بھی آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئی۔
ادھر آسمانی بجلی گرنے سے تین گاؤں جیئندو درس،کبڑی اورچھہو سوٹہر میں 63 بھیڑ بکریاں اور3 اونٹ بھی مر گئے۔
بدین ضلع کے مختلف علاقوں میں تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔آسمانی بجلی گرنے کرنٹ لگنے اور دیوارکے نیچے دب کر 3 افراد جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہو گے،آسمانی بجلی گرنے کے باعث حبیب اﷲ ملاح جان بحق ہو گیا جبکہ نندو کے قریب موسیٰ خاصخیلی بس اسٹاپ پر بارش میں مسافر خانہ میں پناہ حاصل کرنیوالے 15 مسافر زخمی ہو گئے۔
گولارچی کے قریبی دیہات میں کرنٹ لگنے اورگرنے والی دیوار کے نیچے دب کر2 بچیاں جاں بحق ہو گئیں، جبکہ اسی دیہات میں گرنے والی دیوار کے ملبے تلے دب کر محمد صدیق جتوئی کی 4 سالہ بچی سدرہ جاں بحق ہو گئی۔