وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جعلی کورونا ویکسی نیشن کا الزام مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پرعائد کر دیا۔
شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ نواز شریف کے نام پر جعلی ویکسین لگانے کی سازش مریم نواز نے کی۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کے ملازم عادل اورابوالحسن ن لیگ کے کارکن اورمریم نواز کے حلقے کے تھے، ن لیگ کے دور میں ان کی تعیناتی ہوئی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ نوید جرمنی فرار ہے، اسے واپس لائيں گے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی کورونا ویکسین لگائے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔
نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی کورونا ویکسین کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں لگائی گئی اورنواز شریف کے شناختی کارڈ پر انٹری نوید الطاف نامی ویکسینیٹر نے کی۔