فلائٹ کادوبارہ آغاز تب ہی کیا جاسکتا ہے جب عمر سفر کرنے کے قابل ہوں۔فائل فوٹو
فلائٹ کادوبارہ آغاز تب ہی کیا جاسکتا ہے جب عمر سفر کرنے کے قابل ہوں۔فائل فوٹو

عمر شریف کو امریکہ لے جانے والی ایئر ایمبولینس خراب

برلن۔ معروف کامیڈین عمر شریف کو امریکہ لے جانے والی ایئر ایمبولینس میں فنی خرابی کے باعث روانگی مزید تاخیر کا شکار ہو گئی ہے ،اداکاراس وقت جرمنی کے ہسپتال میں داخل ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ائیرایمبولینس کے طورپر زیر استعمال طیارہ نائٹ لینڈنگ اور ٹیک آف نہیں کر سکتا لہٰذا آگے کے سفر کیلیے جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں ائیر یمبولینس طیارہ تبدیل کیا جا رہا ہے۔عمر شریف کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی طبیعت بہتر ہے اور وہ نیورمبرگ کے مقامی ہسپتال میں داخل ہیں۔ائیر ایمبولینس کمپنی ذرائع کے مطابق اس فلائٹ کے لیے آپریٹ کیا جانے والا بمبارڈیئر چیلنجر 604 طیارہ جرمنی میں رجسٹرڈ ہے جو پرواز کیلیے مکمل طورپر محفوظ ہے۔

ذرائع کے مطابق طیارے کی مین لائٹ میں پہلے سے ٹیکنیکل فالٹ ہے جس کی بنیاد پر طیارے میں نائٹ لینڈنگ اورٹیک آف کی سہولت عارضی طور پردستیاب نہیں۔یہ طیارہ اپنے ہوم کنٹری جرمنی میں ہے اسی بنا پراس ٹیکنیکل خرابی کو دورکیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق خرابی دور ہونے پر یہی طیارہ آگے سفر جاری رکھے گا یا پھرعمر شریف کو امریکا پہنچانے کیلیے کمپنی دوسرا طیارہ فراہم کرے گی۔ اسی وجہ سے عمر شریف کے سفر میں تعطل آیا ہے۔

کمپنی کی میڈیکل ٹیم کے مطابق عمر شریف جرمنی کے نیورمبرگ شہر کے مقامی ہسپتال میں داخل ہیں جہاں ان کی صحت اچھی ہے۔ عمر شریف کا بخار ختم ہو چکا ہے اور تھکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے جبکہ بلڈ پریشر بھی نارمل ہے۔ڈاکٹر کے مطابق وہ آگے کے سفر کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں۔ توقع ہے کہ عمر شریف جرمنی میں 24 گھنٹے قیام کے بعد آج شام تک نیورمبرگ ائیرپورٹ سے اپنی اگلی منزل آئس لینڈ کیلیے روانہ ہوجائیں گے۔